Monday, 7 October 2024

تصور مصطفی کا جان سے بڑھ کر بھی پیارا ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


تصور مصطفیٰؐ کا جان سے بڑھ کر بھی پیارا ہے

ستوں قائم ہے جس سے دل کا یہ واحد سہارا ہے

بھٹکتی پھر رہی تھی دل کی کشتی اس سمندر میں

کنارا دے کے پھر عشقِ محمدﷺ نے سنوارا ہے

سبھی پاتے ہیں انؐ سے روشنی قلبِ معطر کی

بنا کر نور کا مرکز انہیں رب نے اُتارا ہے

بیاں کیسے بھلا ہوں عظمتیں پیارے محمدﷺ کی

جہاں کا حُسن، حُسنِ مصطفیٰﷺ کا استعارہ ہے

دیا طوفان نے رستہ ہوا بھی بن گئی رہبر

مصیبت میں محمدؐ مصطفیٰﷺ کو جب پکارا ہے

مہک دل نے مدینے میں نبیؐ کا نور دیکھا ہے

کہ ہر منظر نبیؐ کے نور کا روشن ستارہ ہے


صائمہ جبین مہک

No comments:

Post a Comment

Note: only a member of this blog may post a comment.